
پاکستان کے تین مرتبہ کے عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف نے نیشنل بینک گولڈن جوبلی 50ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر ایک اور اعزاز حاصل کرلیا۔ فائنل مقابلہ نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں محمد آصف اور پنجاب کے رانا عرفان کے درمیان کھیلا گیا۔
11 فریمز پر مشتمل فائنل انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا۔ رانا عرفان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو سنچری بریکس اسکور کیے، جن میں دوسرے فریم میں 112 اور ساتویں فریم میں 141 کا بریک شامل تھا، جو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا بریک رہا۔ تاہم عمدہ کارکردگی کے باوجود وہ کامیابی حاصل نہ کرسکے۔
محمد آصف نے پورے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 8 سنچری بریکس اسکور کیے اور پانچویں مرتبہ قومی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
چیمپئن شپ کے اختتام پر انعامات کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی جس میں نیشنل بینک کے صدر رحمت حسنی، پاکستان بلئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقادر میمن اور عالمگیر شیخ نے مجموعی طور پر 16 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد آصف کا کہنا تھا کہ انہوں نے عالمی، ایشیائی اور سارک سطح پر پاکستان کے لیے کئی اعزازات جیتے ہیں، تاہم انہیں اب تک مکمل اعلان شدہ انعامی رقوم موصول نہیں ہو سکیں اور نہ ہی ان کی کامیابیوں کے مطابق بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔








