
ہاٹ لائن نیوز : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ملتان ٹیسٹ جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کھلاڑی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے تیسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز جیتیں گے۔
دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ساجد خان اور نعمان علی نے شاندار بولنگ کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامران پہلے ہی میچ میں سنچری بنا کر اپنی پوری صلاحیت کا لوہا منواچکے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہوم ٹیسٹ میچ میں طویل عرصے بعد کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ قومی ٹیم نے محنت، جذبے ، پیشہ ورانہ انداز سے کھیلا اور جیتنے میں کامیاب ہوئی۔
چیئرمین پی سی بی نے نئے کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں شامل نئے کھلاڑیوں نے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا ہے۔ محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ ٹیم انگلینڈ کیخلاف آخری ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی دکھا کر سیریز جیت لے گی۔








