
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستان شائقین میں مایوسی کی فضا ہے، وہیں اداکارہ مریم نفیس کا سوشل میڈیا پر دیا گیا ردعمل خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
مریم نفیس نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی درخواست کی ہے۔ اداکارہ نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر لکھا:
> “محسن برو، انڈر 19 والے پلیئرز کھلوالو، پلیز!”
ان کا یہ مختصر پیغام دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا، جس پر صارفین مختلف تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ پاکستان نے 172 رنز کا ہدف دیا تھا، جو بھارتی ٹیم نے 19 ویں اوور میں باآسانی حاصل کر لیا۔
پاکستان کو اب فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنے باقی دونوں میچز جیتنے لازمی ہیں۔ کسی ایک میچ میں شکست کی صورت میں پاکستان ایونٹ سے باہر ہو جائے گا۔
اداکارہ کے بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ کیا وقت آ گیا ہے کہ قومی ٹیم میں نوجوان اور نئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے؟









