محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی، ملک بھر میں تقریبات

0
93
محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی، ملک بھر میں تقریبات

پاکستان کی پہلی منتخب مسلمان خاتون وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مرکزی تقریب سندھ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں منعقد ہو رہی ہے، جہاں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ مختلف شہروں سے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد کی آمد جاری ہے۔
برسی کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سندھ کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں بھی آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
محترمہ بے نظیر بھٹو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک عوامی اجتماع کے بعد ہونے والے حملے میں شہید ہوئیں۔ اس واقعے میں ان کے ساتھ متعدد کارکنان بھی جان سے گئے تھے۔
آج لیاقت باغ، جو ان کی جائے شہادت ہے، وہاں بھی برسی کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے جیالے اور عوام وہاں پہنچے، قرآن خوانی کی گئی جبکہ گزشتہ شام شمعیں روشن کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو جمہوری اور پرامن سیاست کی علامت تھیں اور ان کی جدوجہد پاکستان میں جمہوریت کے فروغ سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے دوبارہ منتخب ہونا ان پر عوامی اعتماد کا واضح ثبوت تھا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا سفر کبھی نہیں رکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے آمریت اور انتہاپسندی کے خلاف بے خوف ہو کر جدوجہد کی اور آخر دم تک اپنے نظریے پر قائم رہیں۔
برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش اور لیاقت باغ میں سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور عام شہریوں کی جانب سے محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانی، جدوجہد اور جمہوری اصولوں سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply