متحدہ عرب امارات میں ویزہ پالیسی میں بڑی تبدیلیاں، نئی اقسام متعارف

0
164
متحدہ عرب امارات میں ویزہ پالیسی میں بڑی تبدیلیاں، نئی اقسام متعارف

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے ویزہ سے متعلق قوانین میں نمایاں تبدیلیاں کرتے ہوئے مختلف شعبوں کے لیے نئی ویزہ اقسام متعارف کرا دی ہیں، جن کا مقصد عالمی مہارتوں کو ملک میں لانا اور سیاحت و کاروبار کو فروغ دینا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ماہرین کے لیے خصوصی ویزہ جاری کیا جائے گا، جو کہ یو اے ای کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیش قدمی کا عکاس ہے۔ علاوہ ازیں، ایونٹس، فیسٹیولز، نمائشوں، کانفرنسز اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کے خواہشمند افراد کے لیے “ایونٹ ویزہ” متعارف کرایا گیا ہے۔

کروز یا تفریحی شپ کے ذریعے آنے والے سیاحوں کو اب ملٹی پل انٹری ویزہ جاری کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی قیام کے دوران متعدد بار یو اے ای میں داخل ہو سکیں۔

یو اے ای نے انسانی ہمدردی کے تحت جنگ یا قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو ایک سالہ رہائش پرمٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے کسی اسپانسر کی ضرورت نہیں ہوگی۔

علاوہ ازیں، بیوائیں اور طلاق یافتہ خواتین اب بغیر اسپانسر کے رہائشی پرمٹ حاصل کر سکیں گی۔ رشتہ داروں اور دوستوں کے لیے وزٹ ویزہ جاری کرنے کے عمل کو بھی منظم کیا گیا ہے، اور اب دوست کو اسپانسر کرنے کے لیے کم از کم 15 ہزار درہم ماہانہ آمدنی ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کاروباری افراد کے لیے “بزنس ویزہ” کی شرائط کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ایسے افراد جو بیرون ملک اپنی کمپنی رکھتے ہیں، وہ بھی یو اے ای میں بزنس ویزہ کے اہل ہوں گے، بشرطیکہ وہ مناسب مالی ثبوت فراہم کریں۔

نقل و حمل کے شعبے میں، اب غیر ملکی ڈرائیورز کے ویزے صرف لائسنس یافتہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے ذریعے ہی جاری کیے جا سکیں گے۔

متحدہ عرب امارات کی یہ نئی پالیسیز ملک کو عالمی سطح پر مزید کھلا، جدید اور باہمی تعاون پر مبنی معاشرہ بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔

Leave a reply