ماں کی لاش کے ساتھ کئی دن تک رہنے والا بچہ زندہ کیسے بچ گیا؟

0
114

چین میں ایک دل دہلا دینے والا مگر کرشماتی واقعہ پیش آیا جہاں ایک 2 سالہ بچہ اپنی ماں کی وفات کے بعد کئی دن تک گھر میں اکیلا رہ کر زندہ بچ گیا۔

یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب بچے کی ماں، 28 سالہ زینگ یو، سے ایک دوست نے کئی دنوں تک رابطہ کرنے کی کوشش کی، مگر کوئی جواب نہ ملنے پر اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ جب پولیس اہلکار زینگ کے کرائے کے فلیٹ پر پہنچے تو انہوں نے زینگ کو مردہ حالت میں پایا جبکہ اس کا دو سالہ بیٹا گھر میں تنہا موجود تھا۔

پولیس کے مطابق بچہ کئی دنوں سے بغیر کسی بالغ کی موجودگی کے فلیٹ میں رہ رہا تھا اور زندہ رہنے کے لیے اس نے گھر میں موجود جیلی، سبزیاں، ہربل چائے اور دیگر اشیاء کا استعمال کیا۔ اہلکاروں نے گھر میں جگہ جگہ کچرا اور کھانے پینے کی اشیاء کے خالی پیکٹ دیکھے۔

پولیس کو بچہ گندگی میں لت پت، صرف ایک ڈائیپر اور شرٹ پہنے ملا۔ قریبی پڑوس میں رہنے والی ایک خاتون نے فوری طور پر بچے کی صفائی کی، اسے کھانا کھلایا اور نئے کپڑے پہنائے، جس کے بعد بچے کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ طبی رپورٹ کے مطابق بچہ مکمل طور پر صحت مند ہے۔

زینگ یو اپنی زندگی میں متعدد مشکلات کا سامنا کر رہی تھیں۔ ان کے والدین ذہنی معذوری کا شکار تھے اور حکومتی امداد پر گزارا کرتے تھے۔ زینگ اور ان کی بہن کی پرورش ان کی دادی نے کی تھی۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد زینگ اور ان کے شوہر کے تعلقات خراب ہو گئے تھے، اور فروری 2025 کے بعد دونوں کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

زینگ اکثر سوشل میڈیا پر اپنی خراب صحت، بلڈ پریشر اور شوگر کے مسائل کا ذکر کرتی تھیں۔ ان کے انتقال کی ممکنہ وجہ بھی اچانک طبی مسئلہ سمجھی جا رہی ہے تاہم حکام ابھی تحقیقات کر رہے ہیں۔

اب یہ بچہ اپنے والد کی زیرِ نگرانی ہے اور حکام اس کے مستقبل کے حوالے سے مزید اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔

Leave a reply