
لاہور – پاکستان کے نامور اور لیجنڈری گلوکار مہدی حسن مرحوم کے صاحبزادے سجاد مہدی انتقال کر گئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق سجاد مہدی کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم سجاد مہدی پیشے کے اعتبار سے ریٹائرڈ ڈی ایس پی تھے اور انہوں نے طویل عرصے تک پولیس سروس میں خدمات انجام دیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی اہلِ خانہ، دوستوں اور مختلف حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بعد از نمازِ ظہر لاہور میں ادا کی جائے گی، جس میں عزیز و اقارب، دوست احباب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےوالاافرادکی شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ مہدی حسن مرحوم کا شمار برصغیر کے عظیم غزل گلوکاروں میں ہوتا ہے، جبکہ ان کے صاحبزادے سجاد مہدی ایک باوقار اور ذمہ دار سرکاری افسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔









