
لاہور کی اوپن مارکیٹ میں مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں مرغی کے گوشت کی قیمت 595 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ صافی گوشت کی قیمت 700 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے۔ بون لیس مرغی کا گوشت 750 روپے فی کلو سے زائد میں دستیاب ہے۔
ذرائع کے مطابق زندہ برائلر کا فارم ریٹ 383 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم تھوک سطح پر اس کی قیمت 397 روپے فی کلو جبکہ پرچون مارکیٹ میں 411 روپے فی کلو تک وصول کی جا رہی ہے۔
اسی طرح فارمی انڈوں کا سرکاری ریٹ 330 روپے فی درجن مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں انڈے 350 سے 370 روپے فی درجن کے درمیان فروخت ہو رہے ہیں۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے، جبکہ قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونے کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔








