لاہور میں غیرقانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن، نجی اسکیم کا مالک گرفتار

لاہور: پنجاب میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے پیشِ نظر حکومت نے غیرقانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی کارروائی کے دوران ایک نجی ہاؤسنگ اسکیم کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق، دریائے راوی کے اطراف قائم کی گئی متعدد غیرقانونی رہائشی اسکیموں کے ریکارڈ کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ روڈا اور ایل ڈی اے کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں اور ان سے تمام متعلقہ دستاویزات طلب کی گئی ہیں۔
ڈی جی کے مطابق گرفتار کیے گئے مالک پر 8 ارب روپے دبئی منتقل کرنے کا بھی الزام ہے، جب کہ ایل ڈی اے کے بعض افسران کی شمولیت کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ مذکورہ ہاؤسنگ اسکیم تقریباً 11 ہزار کنال اراضی پر ٹھوکر کے قریب تعمیر کی گئی تھی۔
سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے اور عوام کو غیرقانونی اسکیموں سے بچانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرہ شہریوں کو ان کی رقوم واپس دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر کرپشن میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔









