
لاہور میں بسنت کے تہوار کے انعقاد کے لیے انتظامی سطح پر تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ بسنت کی تقریبات 6 سے 8 فروری تک منعقد کیے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے شہر کے مختلف پارکس کو منتخب کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق گریٹر اقبال پارک، جلو پارک، جیلانی پارک، گلشنِ اقبال پارک اور ماڈل ٹاؤن پارک بسنت منانے کے لیے مختص ہوں گے، جبکہ اندرونِ شہر بعض علاقوں میں بھی پتنگ بازی کی اجازت دیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بسنت کے دوران دھاتی، کیمیکل والی، تیز دھار یا تار سے بنی ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی۔ ممنوعہ ڈور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی یا خطرناک ڈور کے استعمال کی نشاندہی کرنے والے شہری کو پانچ ہزار روپے انعام دیا جائے گا، تاکہ خلاف ورزیوں کی بروقت اطلاع مل سکے۔
پتنگ بازی کے لیے صرف کمزور شیشے اور مانجھے سے بنی ڈور استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ خطرناک مواد کی روک تھام کے لیے خصوصی نگرانی کا انتظام بھی کیا جائے گا۔
انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ بسنت کے دوران شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اور دیگر انتظامی اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔









