قرضے اتارنے کے دعوے کرنے والوں نے قومی ادارے بیچ دیے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

0
77
قرضے اتارنے کے دعوے کرنے والوں نے قومی ادارے بیچ دیے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے موجودہ وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران مسلسل ناانصافی اور جبر کا رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ماضی میں قرضے اتارنے کے دعوے کرتے تھے، آج قومی ادارے فروخت کر رہے ہیں۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ تنظیمی معاملات کے سلسلے میں لاہور آئے ہیں، تاہم چکری انٹرچینج پر پولیس کے رویے نے صورتحال کو کشیدہ بنا دیا، جہاں کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی اور گرفتاریاں کی گئیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے کارکنوں اور نمائندوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری تیزی سے کم ہو رہی ہے اور بڑی صنعتیں پاکستان چھوڑنے پر مجبور ہیں، جس سے معاشی صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور مستقبل کے حوالے سے شدید بے یقینی پائی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے یہ بھی کہا کہ فیصلے عوامی رائے کے بغیر بند کمروں میں کیے جا رہے ہیں، جبکہ معیشت مسلسل زوال کا شکار ہے۔ ان کے مطابق حکمرانوں کی اصل توجہ قومی مسائل کے حل کے بجائے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر دباؤ ڈالنے اور انہیں خوفزدہ کرنے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے ملاقاتوں پر پابندیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر یہی ترجیحات رہیں تو ملک درست سمت میں نہیں چل سکتا۔ آخر میں سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ لاہور تہذیب کے ساتھ آئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے مخالفین بھی اخلاقیات اور برداشت کا مظاہرہ کرنا سیکھیں۔

Leave a reply