“قبلہ اول کا دفاع آخری دم تک کریں گے، ترک صدر کا عزم”

0
94
"قبلہ اول کا دفاع آخری دم تک کریں گے، ترک صدر کا عزم"

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری ظلم و ستم اور انسانی المیے کو ختم کرنے کی اولین ذمہ داری مسلم دنیا پر عائد ہوتی ہے، جس کے بعد عالمی برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ترک پارلیمان کے نئے مقننہ سال کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں پر جاری مظالم کے خلاف ترکی نے ہر سطح پر مضبوط مؤقف اختیار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے ہمیشہ غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اُنہیں تنہا نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا: “ہم القدس (یروشلم) کے تحفظ کے لیے آخری دم تک کھڑے رہیں گے۔ ترکی نے نہ صرف سیاسی سطح پر آواز بلند کی بلکہ اسرائیل کے ساتھ تجارتی تعلقات بھی ختم کیے تاکہ عملی طور پر احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔”

صدر اردوان کے مطابق، ترکی نے مختلف بین الاقوامی فورمز پر غزہ میں قیام امن کے لیے تجاویز پیش کیں، اور ان کی کوشش ہے کہ مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہو۔

انہوں نے کہا کہ غزہ اب مزید تباہی، خونریزی اور آنسو برداشت نہیں کر سکتا، اور یہ انسانیت سوز صورتحال فوری طور پر ختم ہونی چاہیے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر ترک صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن بھی ضرور آئے گا جب “دریا سے سمندر تک” خطے میں امن، سکون اور سلامتی قائم ہو گی۔

Leave a reply