فضائی جھڑپوں کے بعد زیر بحث رہنے والی بھارتی پائلٹ کی حالیہ تصویر وائرل

پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی میں ہونے والی فضائی جھڑپوں کو پانچ ماہ سے زائد کا وقت گزر چکا ہے، تاہم اس واقعے کے دوران بھارتی فضائیہ کی خاتون پائلٹ اسکواڈرن لیڈر شیوانگی سنگھ کا نام سوشل میڈیا پر خاصا وائرل رہا۔ مختلف پلیٹ فارمز پر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ پاکستان کی تحویل میں ہیں، تاہم حالیہ پیش رفت نے ان تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔
11 اکتوبر کو بھارتی فضائیہ کے آفیشل ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر شیوانگی سنگھ کی ایک تازہ تصویر جاری کی گئی، جس میں انہیں “کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر” کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس تصویر کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وہ تمام خبریں، جن میں ان کے پاکستان میں زیر حراست ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا تھا، بے بنیاد ثابت ہوئیں۔
تصویر کو ابتدائی طور پر کچھ صارفین نے جعلی قرار دینے کی کوشش کی، تاہم متعدد ذرائع سے اس کی تصدیق کے بعد یہ واضح ہو گیا کہ تصویر اصلی ہے اور شیوانگی سنگھ بحفاظت اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہیں۔
یاد رہے کہ 11 مئی کو پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس بات کی واضح تردید کی تھی کہ پاکستان کی تحویل میں کوئی بھارتی پائلٹ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ سب جھوٹی خبریں اور پروپیگنڈا ہیں۔”
تازہ تصویر کے منظر عام پر آنے کے بعد اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ اسکواڈرن لیڈر شیوانگی سنگھ نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ انہیں بھارتی فضائیہ میں اعلیٰ پیشہ ورانہ مقام بھی حاصل ہو چکا ہے۔









