فرانس: وزیر اعظم سیبسٹین لاکورنو مستعفی، صدر میکرون نے استعفیٰ منظور کر لیا

پیرس: فرانس کے وزیر اعظم سیبسٹین لاکورنو نے عہدہ سنبھالنے کے صرف 26 دن بعد استعفیٰ دے دیا، جسے صدر ایمانوئل میکرون نے منظور کر لیا ہے۔
سیبسٹین لاکورنو کو 10 ستمبر 2025 کو وزیر اعظم مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی تقرری اس وقت عمل میں آئی جب سابق وزیر اعظم فرانسوا بائرو پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام رہے تھے، جس کے نتیجے میں حکومت ختم ہو گئی۔ یہ واقعہ فرانس کی حالیہ سیاسی تاریخ میں تیسری مرتبہ ہے جب حکومت پارلیمانی عدم اعتماد کا شکار ہوئی۔
سیبسٹین لاکورنو اس سے قبل فرانس کے وزیر دفاع کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور صدر میکرون کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ ان کے استعفے کی فوری وجوہات سامنے نہیں آئیں، تاہم تجزیہ کار اس پیش رفت کو فرانس میں جاری سیاسی بے یقینی سے جوڑ رہے ہیں۔
فرانسیسی صدارتی دفتر کی جانب سے جلد نئے وزیر اعظم کی نامزدگی متوقع ہے۔