غزہ کا مستقبل: ٹرمپ آج مسلم ممالک کے رہنماؤں سےبات چیت کریں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر عرب اور مسلم ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جس میں غزہ میں جنگ کے بعد کی صورتحال، گورننس اور اسرائیلی انخلا سے متعلق اہم امور زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق امریکہ عرب اور مسلم ممالک پر زور دے رہا ہے کہ وہ غزہ میں امن قائم رکھنے کے لیے ممکنہ طور پر اپنی افواج بھیجنے پر غور کریں، تاکہ اسرائیلی افواج کا منظم انخلا ممکن بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکہ یہ بھی چاہتا ہے کہ ان ممالک کی جانب سے غزہ کی تعمیر نو اور فلسطینی علاقوں میں اقتدار کی منتقلی کے عمل کے لیے مالی امداد فراہم کی جائے۔
آج کی ملاقات میں پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر، اردن، ترکیہ اور انڈونیشیا کے سربراہان شرکت کریں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ صدر ٹرمپ ایک ایسا منصوبہ پیش کریں گے جس میں حماس کے بغیر غزہ میں گورننس کے خدوخال پر بات چیت کی جائے گی۔
اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے بتایا تھا کہ صدر ٹرمپ اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ ملاقات بھی شامل ہے۔









