غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، مزید 62 فلسطینی شہید

غزہ پر اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ حالیہ بمباری میں کم از کم 62 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے، جن میں خواتین، بچے اور امداد کے منتظر شہری شامل ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جہاں کئی فلسطینی خاندان مقیم تھے۔ حملے کے نتیجے میں متعدد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
ادھر غزہ میں امدادی سامان کے حصول کی کوشش کرنے والے شہریوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں سے 16 افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
غزہ میں جاری محاصرے اور غذائی قلت کے باعث 24 گھنٹوں کے دوران بھوک کی وجہ سے 6 مزید فلسطینی انتقال کر چکے ہیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی تنظیم حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈز نے خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی افواج کے اجتماع پر مارٹر حملے کیے، جن کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
غزہ میں انسانی بحران سنگین تر ہوتا جا رہا ہے جبکہ عالمی برادری کی جانب سے فوری جنگ بندی کے مطالبات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔