غزہ میں کشیدگی میں اضافہ، اسرائیلی وزیر دفاع کا سخت فوجی کارروائی کا اعلان

اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ میں حماس کے خلاف فوجی کارروائیوں میں شدت لانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حماس نے اپنے اقدامات جاری رکھے تو اسرائیلی افواج مزید سخت ردعمل دیں گی۔
وزیر دفاع کا الزام ہے کہ حماس نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کا جواب دیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کارروائیوں کا مقصد اسرائیلی شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ادھر غزہ میں صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے، جہاں مختلف علاقوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، اسرائیلی افواج کی جانب سے 120 سے زائد راکٹ حملے کیے گئے جن میں نصیرات کیمپ بھی شامل ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 35 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ امدادی سامان کی ترسیل پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، جس سے انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ میں اس کے دو فوجی ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ حماس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی اسرائیل کی جانب سے کی جا رہی ہے۔









