غزہ میں قحط اسرائیلی جارحیت کا نتیجہ ہے، ڈاکٹر منیر البرش

0
81

وزارت صحت غزہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منیر البرش نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری قحط براہ راست اسرائیلی قبضے اور مسلسل حملوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے قحط کی باقاعدہ تصدیق کے بعد فوری طور پر غذائی امداد فراہم کی جائے۔

ڈاکٹر البرش کے مطابق غزہ میں صحت کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، جس کے باعث اسپتالوں میں ایک بستر پر چھ چھ بچوں کو رکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک 40 ہزار بچے زخمی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں 150 سے زائد ادویات کے گودام تباہ کر دیے گئے، جب کہ دل کے امراض میں مبتلا ایک ہزار سے زائد مریض بروقت علاج نہ ملنے کیوجہ سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ڈاکٹر البرش کا کہنا تھا کہ ہم اسپتالوں اور مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ کے عوام، بشمول مسیحی برادری، ثابت قدمی کے ساتھ اپنے گھروں میں موجود ہیں اور شہر کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جبالیہ میں اسرائیل جدید بوبی ٹریپ روبوٹس استعمال کر رہا ہے، جن کے ذریعے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایک دھماکے کے بعد جبالیہ میں ایک پورا خاندان ملبے تلے دب کر شہید ہوا۔

ڈاکٹر البرش نے واضح کیا کہ غزہ میں کورونا وائرس کی موجودگی کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

Leave a reply