“غزہ میں بربریت بند کرو، نسل کشی کے ذمہ داروں کو سزا دو: اردوان کا عالمی برادری سے مطالبہ”

0
33

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کو “جنگ” نہیں بلکہ “قبضہ، نسل کشی اور منظم قتل عام” قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی مظلومیت پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے۔ اردوان کے مطابق، گزشتہ 23 ماہ کے دوران اسرائیلی حملوں میں ہر گھنٹے ایک فلسطینی بچہ مارا جا رہا ہے، جو محض ایک عدد نہیں بلکہ انسانیت کا دل دہلا دینے والا منظر ہے۔

انہوں نے غزہ میں انسانی بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طبی سہولیات کی شدید کمی کے باعث بچوں کے اعضا بے ہوشی کے بغیر کاٹے جا رہے ہیں، جو انسانی تاریخ کی بدترین بربریت ہے۔

ترک صدر نے اقوام متحدہ کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ عالمی ادارہ نہ صرف خطے میں امن قائم کرنے میں ناکام رہا ہے بلکہ اپنے عملے کو بھی اسرائیلی حملوں سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت صرف فلسطین تک محدود نہیں رہی بلکہ اس کے اثرات شام، ایران، لبنان، یمن اور قطر تک جا پہنچے ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اسرائیلی قیادت مکمل طور پر بے قابو ہو چکی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، انسانی امداد بحال کی جائے اور نسل کشی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر صدر اردوان نے کہا کہ دنیا صرف پانچ مستقل ارکان کے فیصلوں پر نہیں چل سکتی۔ جب تک انصاف کا معیار طاقت کے بجائے حق پر قائم نہیں ہوتا، عالمی امن ممکن نہیں۔ ترکی عالمی نظام میں سب کے لیے مساوی حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔

Leave a reply