عید کے فیشن میں بڑی تبدیلی، نیا ٹرینڈ سامنے آگیا

عید کی آمد کے ساتھ ہی فیشن کی دنیا میں نئی جہتیں سامنے آنا شروع ہو جاتی ہیں، اور اس سال بھی خواتین کے ملبوسات میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ گزشتہ برس جہاں ”فرشی شلوار“ نے خاصی مقبولیت حاصل کی تھی اور اسے شارٹ قمیضوں کے ساتھ خوب اپنایا گیا، وہیں اب اس ٹرینڈ کی جگہ ایک نئے انداز نے لے لی ہے۔
رواں سال ”فرشی شرٹس“ فیشن کا مرکز بن گئی ہیں۔ یہ لمبی شرٹس اپنی غیر معمولی لمبائی کی وجہ سے زمین کو چھوتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں، جو ایک باوقار اور نفیس انداز پیش کرتی ہیں۔ ڈیزائنرز کے مطابق اگرچہ لمبی قمیضیں پہلے بھی فیشن کا حصہ رہی ہیں، مگر اب ان کی لمبائی میں اضافہ کر کے انہیں ایک نیا اور منفرد رخ دیا گیا ہے۔ ان شرٹس کو کلوٹس، پلازو یا روایتی شلوار کے ساتھ باآسانی اسٹائل کیا جا رہا ہے۔
فیشن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت مارکیٹ میں فل لینتھ شرٹس کی مانگ میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث برانڈز اور ڈیزائنرز بھی اپنے نئے کلیکشنز میں اسی رجحان کو ترجیح دے رہے ہیں۔ یوں عید 2026 کے لیے فرشی شرٹس ایک نمایاں فیشن اسٹیٹمنٹ کے طور پر سامنے آئی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ دیگر ٹرینڈز بھی مقبول ہو رہے ہیں۔ اسٹرکچرڈ انارکلی اور فراک اسٹائل ڈریسز جدید کٹس اور بہتر فٹنگ کے ساتھ دوبارہ توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ اسی طرح کافتان اسٹائل بھی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، جو اپنی ڈھیلی اور آرام دہ ساخت کے باعث دن کی تقریبات کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔
کوآرڈ سیٹس بھی نوجوانوں میں خاصے پسند کیے جا رہے ہیں۔ یہ میچنگ شرٹ اور ٹراؤزر پر مشتمل ہوتے ہیں اور باآسانی مختلف مواقع پر دوبارہ پہنے جا سکتے ہیں۔ ٹراؤزرز میں بھی تنوع دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں شلوار کے ساتھ ساتھ کلوٹس، پلازو اور سٹریٹ پینٹس بھی فیشن کا حصہ بن چکے ہیں۔
فیبرکس کے انتخاب میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ اس بار لان کے بجائے شیفون، سلک، را سلک، کریپ اور آرگنزا جیسے ہلکے اور نفیس کپڑے زیادہ استعمال کیے جا رہے ہیں، جو موسم کے لحاظ سے موزوں ہیں۔
رنگوں کی بات کی جائے تو دن کے وقت کے لیے ہلکے اور نرم شیڈز جیسے پاوڈر بلیو، بلش پنک اور منٹ گرین پسند کیے جا رہے ہیں، جبکہ شام کے لیے گہرے اور شوخ رنگ جیسے فیوشیا، ایمرلڈ گرین اور مڈنائٹ بلیو نمایاں ہیں۔
مجموعی طور پر اس سال فیشن کا رجحان خوبصورتی کے ساتھ آرام کو بھی اہمیت دے رہا ہے، جہاں خواتین ایسے ملبوسات کا انتخاب کر رہی ہیں جو اسٹائلش ہونے کے ساتھ ساتھ پہننے میں بھی آرام دہ ہوں۔








