
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے اور وہ باعزت انداز میں واپس آئیں گے۔
لاہور پریس کلب میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ کی رپورٹ کے مطابق متعدد حلقوں میں فارم 45 اور فارم 46 کے نتائج میں نمایاں فرق پایا گیا ہے، جو انتخابی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کے مطابق یہ بے ضابطگیاں حکومتی جماعت کے حق میں کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں یہ تاثر جا رہا ہے کہ پاکستان کے آئینی نظام پر حملہ ہوا ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی آئینی ترامیم کو واپس لیا جائے گا اور پارلیمنٹ کے کردار کو بحال کیا جائے گا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالتی نظام کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ اسمبلی میں پارٹی کی موجودگی کے بارے میں حتمی فیصلہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان ہی کریں گے۔