عمان نے ہنرمند افراد کے لیے نیا ثقافتی ویزا متعارف کرادیا

0
127
عمان نے ہنرمند افراد کے لیے نیا ثقافتی ویزا متعارف کرادیا

عمان نے عالمی فنکاروں، محققین اور تخلیقی پیشہ ور افراد کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے ایک نیا ثقافتی ویزا شروع کر دیا ہے۔ اس ویزے کا مقصد فنون اور ثقافت سے وابستہ غیر ملکی شہریوں کو عمان میں عارضی قیام اور کام کے لیے قانونی سہولت فراہم کرنا ہے۔

عمان پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بتایا کہ یہ ویزا غیر ملکیوں کو ثقافتی سرگرمیوں میں شامل ہونے کے لیے آسان اور باضابطہ راستہ فراہم کرے گا۔ ثقافتی ویزا ان افراد کے لیے مخصوص ہے جو فنون، ادب، تحقیق، ورثہ، ثقافتی تبادلے یا دیگر ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔

ویزا میزبان اداروں، جیسے وزارتِ ثقافت، کھیل و نوجوانان، تعلیمی ادارے یا ثقافتی مراکز کی درخواست پر جاری کیا جاتا ہے۔ ادبی و فکری کانفرنسوں، نمائشوں اور ثقافتی فیسٹیولز میں شرکت کرنے والے افراد بھی اس ویزے کے اہل ہوں گے۔ علاوہ ازیں، ثقافتی سرگرمیوں کے سلسلے میں آنے والے افراد کے والدین، شریکِ حیات اور بچوں کے لیے جوائننگ ویزا کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

ویزا کی فیس اس کی مدت کے مطابق مقرر کی گئی ہے: ایک سال کے لیے 50 عمانی ریال، جبکہ پانچ اور دس سال کے طویل ویزوں کے لیے بھی فی سال 50 عمانی ریال ادا کرنا ہوگا۔

اس ویزے کا مقصد ماہرین اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد کی آمد کو آسان بنانا، ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا، اور عمان میں ثقافتی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں منظم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ اقدام عمان کی ثقافتی سیاحت اور بین الاقوامی فکری رابطوں کو بھی مستحکم کرے گا۔

Leave a reply