
پاکستان کے سابق قومی کرکٹر عماد وسیم کی دوسری شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں عماد وسیم کو اپنی نئی اہلیہ کے ساتھ شادی کی تقریب میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ثانیہ اشفاق نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنے بچوں کے لیے انصاف چاہتی ہیں اور ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ انہوں نے اشاروں کنایوں میں ایک “تیسرے فرد” کو اپنی ازدواجی زندگی کے خاتمے کا سبب قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ حقیقت اب سب کے سامنے آ چکی ہے۔ ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ان کے حق میں ہمدردی کا اظہار کیا۔
ایک اور بیان میں ثانیہ اشفاق نے الزام عائد کیا کہ دسمبر 2023 میں لاہور میں ان کے بچے کے اسقاط حمل کا انتظام کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس حوالے سے ویڈیو ثبوت بھی موجود ہے۔ تاہم ان الزامات پر عماد وسیم کی جانب سے براہِ راست کوئی تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر اپنی دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پہلی شادی کامیاب نہ ہو سکی، جو ان کی زندگی کا ایک مشکل مرحلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس رشتے سے انہیں تین بچوں کی صورت میں بڑی خوشی ملی اور وہ ہمیشہ اپنے بچوں سے محبت کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے نائلہ راجا سے نکاح کر لیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ باہمی مشاورت اور غور و فکر کے بعد کیا گیا تاکہ ایک پُرسکون اور باوقار زندگی کی بنیاد رکھی جا سکے۔ عماد وسیم کا کہنا تھا کہ نائلہ راجا ان کی زندگی میں استحکام اور اعتماد لے کر آئی ہیں۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں جبکہ دونوں جانب سے بیانات کے بعد بحث کا سلسلہ جاری ہے۔









