
راولپنڈی: بانی تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان کے نام موجود جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دی گئی ہیں، جبکہ عدالت نے مسلسل غیرحاضری پر دسویں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ علیمہ خان اور ان کے وکلا آج بھی پیش نہیں ہوئے۔
پنجاب ریونیو بورڈ کی رپورٹ کے مطابق علیمہ خان کے نام مختلف اضلاع میں زمین اور اراضی موجود ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ضلع بھکر میں 51 کنال 16 مرلے، ضلع لاہور میں ایک کنال 4 مرلے، موضع نورپور کمبواں میں ایک کنال، تحصیل رائے ونڈ موضع سلطان میں 64 کنال 14 مرلے، ضلع میانوالی میں 217 کنال 5 مرلے اور شیخوپورہ میں 4 کنال 13 مرلے زمین علیمہ خان کے نام ہے۔ مجموعی طور پر پنجاب کے چار اضلاع میں علیمہ خان کے نام 338 کنال اراضی موجود ہے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے علیمہ خان کی غیرحاضری پر ان کی جائیداد اور بینک اکاؤنٹس سیل کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ علیمہ خان کے ایک نجی بینک کے 15 اور دوسرے بینک کا ایک اکاؤنٹ فریز کیا جائے۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت 29 نومبر تک ملتوی کر دی۔ علیمہ خان پر 26 نومبر کے احتجاج میں جلاؤ، گھیراؤ، حکومتی اہلکاروں میں مداخلت اور کارکنوں کو پرتشدد احتجاج پر اکسانے کے الزامات ہیں۔









