عشرت فاطمہ کی وفات کی افواہیں بےبنیاد، سینئرنیوز کاسٹرکا ردِعمل

0
55
عشرت فاطمہ کی وفات کی افواہیں بےبنیاد، سینئرنیوز کاسٹرکا ردِعمل

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی وژن اور ریڈیو پاکستان کی معروف اور سینئر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے اپنی وفات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرتی جھوٹی خبروں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے حیرت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

عشرت فاطمہ نے ایک ویڈیو پیغام میں وضاحت کی کہ وہ مکمل صحت کے ساتھ خیریت سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ریڈیو پاکستان میں ایک پروگرام مکمل کرنے کے بعد جب گھر پہنچیں تو انہیں درجنوں فون کالز موصول ہوئیں، جن میں ان کی زندگی کی خیریت دریافت کی گئی۔

ان کے مطابق سب سے پہلی کال اداکار توثیق حیدر کی تھی، جنہوں نے انہیں بتایا کہ سوشل میڈیا پر ان کی موت کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

عشرت فاطمہ نے کہا کہ ابتدا میں وہ یہ سمجھیں کہ شاید کسی اور حوالے سے کوئی غلط خبر پھیلی ہے، مگر جب علم ہوا کہ یہ افواہ ان کے انتقال سے متعلق ہے تو انہوں نے اطمینان کا سانس لیا۔

انہوں نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے اور وہ اس سے خوفزدہ نہیں، بلکہ ہمیشہ اس کے لیے تیار ہیں۔ تاہم ان کی خواہش ہے کہ زندگی میں کم از کم والدین کی نیت سے حج کی سعادت حاصل کر سکیں۔

سینئر صحافی نے ان افواہوں کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کی زندگی یا موت سے کھیلنا کسی طور بھی مناسب نہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے خیریت دریافت کی اور اپنی دعاؤں سے انہیں حوصلہ دیا۔

واضح رہے کہ عشرت فاطمہ کی وفات کی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں، جنہیں بعد ازاں مکمل طور پر بے بنیاد قرار دے دیا گیا۔

Leave a reply