عدالت کا ڈاکٹروں کو لکھائی بہتر بنانے کا حکم

نئی دہلی – بھارت کی ایک اعلیٰ عدالت نے ڈاکٹروں کو اپنی تحریر بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ طبی نسخے اور میڈیکل رپورٹس واضح اور قابلِ فہم ہوں۔
یہ حکم بھارتی ریاست پنجاب اور ہریانہ کی ہائیکورٹ کی جانب سے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران سامنے آیا۔ کیس کے دوران عدالت کو پیش کی گئی ایک میڈیکو لیگل رپورٹ مکمل طور پر ناقابلِ فہم تھی، جس پر جج نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی دستیابی کے باوجود سرکاری ڈاکٹر اب بھی ہاتھ سے ایسی تحریریں لکھ رہے ہیں جنہیں عام افراد تو دور، جج اور وکیل بھی نہیں پڑھ سکتے۔ عدالت نے اس صورتحال کو انصاف کی راہ میں ایک رکاوٹ قرار دیا۔
عدالت نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ میڈیکل کالجوں میں خوشخطی کی تربیت کو نصاب کا حصہ بنایا جائے، اور دو سال کے اندر اندر میڈیکل نسخوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جائے تاکہ ایسی صورتِ حال سے بچا جا سکے۔