
لاہور: سوشل میڈیا پر نازیبا مواد اپ لوڈ کرنے اور غیر قانونی جوئے کی تشہیر کے الزامات میں گرفتار یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کو لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے انہیں دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔
پیر کے روز سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور کی صدارت میں ہوئی، جس میں دلائل سننے کے بعد عدالت نے ضمانت منظور کی۔ ڈکی بھائی پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے غیر قانونی جوئے کی ایپلیکیشنز کی تشہیر کی، جس پر نیشنل کرائم ایجنسی لاہور نے 17 اگست کی نصف شب ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
یاد رہے کہ ڈکی بھائی کی اہلیہ اروب جتوئی کی شکایت پر سائبر کرائم ایجنسی کے 9 افسران کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق ان افسران نے مقدمے کے دوران ڈکی بھائی سے کروڑوں روپے رشوت وصول کی اور ان کے اکاؤنٹس سے ڈالر منتقل کیے۔









