
آسٹریلیا کے تجربہ کار ٹیسٹ اوپنر عثمان خواجہ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ ایشیز سیریز میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے پنک ٹیسٹ کے بعد اپنے شاندار کیریئر کا اختتام کریں گے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کرنے والے عثمان خواجہ اسی میدان پر اپنا 88واں ٹیسٹ کھیل کر ریٹائر ہوں گے۔ 39 سالہ بیٹر نے 2011 میں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا اور تقریباً 15 برسوں پر محیط کیریئر میں 6 ہزار سے زائد ٹیسٹ رنز اسکور کیے۔
عثمان خواجہ آسٹریلیا کے پہلے پاکستان میں پیدا ہونے والے اور پہلے مسلمان ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔ انہوں نے میدان سے باہر بھی عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے سماجی خدمات انجام دے کر ایک مثبت مثال قائم کی۔
سال 2023 عثمان خواجہ کے کیریئر کا یادگار سال رہا، جب انہیں آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور شین وارن ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے اعزازات سے نوازا گیا۔ وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023 جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی اہم حصہ تھے۔
ریٹائرمنٹ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عثمان خواجہ نے کہا کہ انہیں اپنے کیریئر پر مکمل اطمینان ہے اور وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں آسٹریلیا کی نمائندگی کے اتنے مواقع ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ان کی جدوجہد دوسروں کے لیے باعثِ ترغیب بنی ہو گی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے عثمان خواجہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی شاندار بیٹنگ اور قیادت سے آسٹریلوی کرکٹ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق عثمان خواجہ نہ صرف ایک باصلاحیت بلکہ ایک اسٹائلش اور قابلِ تقلید بیٹر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ اب تک 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ ایشیز سیریز کا آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔









