عام کھڑکی کو سولر پینل میں بدلنے والی نئی ٹیکنالوجی

0
65

موسمیاتی تبدیلیوں اور گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث دنیا بھر میں ایسی ٹیکنالوجی کی مانگ بڑھ گئی ہے جو ماحول دوست ہو اور توانائی کی ضروریات کو پورا کر سکے۔ اسی سلسلے میں چین کے ماہرین نے ایک حیران کن ایجاد کی ہے جو عام کھڑکیوں کو بجلی پیدا کرنے والے آلے میں تبدیل کر سکتی ہے۔

چین کی نانجنگ جامعہ کے ماہرین نے ایک شفاف، بے رنگ اور یک رُخی کوٹنگ تیار کی ہے جو کھڑکیوں پر لگائی جا سکتی ہے۔ اس کوٹنگ کو “سی یو ایس سی” کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں خاص قسم کے مائع قلمی مادے کی کئی تہیں شامل ہیں جنہیں “کولیسٹرک مائع قلم” کہا جاتا ہے۔ یہ تہیں سورج کی روشنی کو اس انداز سے موڑتی ہیں کہ وہ کھڑکی کے کناروں پر موجود بجلی بنانے والے خلیات تک پہنچ جائے۔

ماہرین کے مطابق یہ کوٹنگ:

کھڑکی سے ۶۴.۲ فیصد روشنی گزرنے دیتی ہے،

رنگوں کے توازن کو ۹۱.۳ فیصد تک برقرار رکھتی ہے،

اور ۳۸.۱ فیصد سبز روشنی کو توانائی میں بدلنے کے قابل بناتی ہے۔

عام طور پر جو کوٹنگ کھڑکیوں پر لگائی جاتی ہے، وہ روشنی کے گزرنے میں رکاوٹ بنتی ہے اور باہر دیکھنا مشکل ہو جاتا ہے، مگر اس نئی کوٹنگ کی خاص بات یہ ہے کہ اس سے نہ صرف کھڑکی کے بنیادی کام متاثر نہیں ہوتے بلکہ یہ مؤثر انداز میں بجلی بھی پیدا کرتی ہے۔

ابتدائی تجربے کے دوران، ماہرین نے اس کوٹنگ سے لیس کھڑکی سے ۱۰ ملی واٹ کے ایک پنکھے کو بجلی فراہم کی، جس سے اس ٹیکنالوجی کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا۔ ان کے مطابق، تقریباً ساڑھے چھ فٹ چوڑی ایسی کھڑکی عام کھڑکی کے مقابلے میں پچاس گنا زیادہ سورج کی روشنی کو سمیٹ سکتی ہے، جس سے بجلی حاصل کرنے میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔

یہ اختراع موجودہ کھڑکیوں پر بھی لگائی جا سکتی ہے اور اسے طویل عرصے تک استعمال کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں کو خود کفیل بنا سکتی ہے بلکہ کاربن کی مقدار میں کمی لا کر ماحول کو بھی محفوظ بنا سکتی ہے۔

یہ تحقیق حال ہی میں ایک معروف سائنسی رسالے میں شائع ہوئی ہے اور اس پر مزید کام جاری ہے تاکہ اسے عام استعمال کے لیے مکمل طور پر تیار کیا جا سکے۔

Leave a reply