
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، لیکن اس بار وجہ ان کے ملبوسات یا اداکاری نہیں بلکہ ان کے بھائی سے متعلق سامنے آنے والے نجی نوعیت کے الزامات ہیں، جنہوں نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر عروبہ طارق نامی خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ عائزہ کے بھائی احد کی سابقہ منگیتر ہیں۔ انہوں نے ایک طویل پوسٹ میں احد اور ان کے اہلِ خانہ پر کئی سنگین الزامات عائد کیے، جن میں دھوکہ دہی، جھوٹ اور گھریلو ماحول میں غیر مناسب رویے جیسے دعوے شامل ہیں۔
عروبہ کا کہنا ہے کہ احد نے ان سے شادی کا وعدہ کیا تھا اور باقاعدہ منگنی و تیاریوں کے بعد رشتہ ختم کر دیا گیا۔ ان کے مطابق، احد نہ صرف تعلیمی اسناد کے حوالے سے جھوٹ بولتے رہے بلکہ مالی طور پر بھی خود مختار نہیں بلکہ اپنی بہن کے سہارے پر ہیں۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ احد کا پورا خاندان، خاص طور پر اداکارہ عائزہ خان، ہر معاملے پر حد سے زیادہ اثر و رسوخ رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “عائزہ خان کی مرضی کے بغیر وہاں کوئی سانس بھی نہیں لے سکتا۔”
اسی دوران، عروبہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ احد ماضی میں معروف اداکارہ سارہ خان کے ساتھ تعلقات میں رہ چکے ہیں، جس پر بھی سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مخلوط ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ کچھ صارفین عائزہ خان اور ان کے خاندان کے حق میں بات کر رہے ہیں جبکہ بعض افراد عروبہ طارق سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔
ابھی تک عائزہ خان، ان کے بھائی احد یا خاندان کی جانب سے ان الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔









