صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موت کی افواہیں دم توڑ گئیں، گولف کھیلتے ہوئے نئی تصاویر جاری

سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موت سے متعلق گردش کرتی افواہوں نے ان کے حامیوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا۔ تاہم ہفتے کے روز سامنے آنے والی نئی تصاویر نے ان افواہوں کو بے بنیاد ثابت کر دیا، جن میں صدر ٹرمپ کو مکمل صحت کے ساتھ گولف کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
30 اگست 2025 کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ہیش ٹیگ #TrumpIsDead ٹرینڈ کرنے لگا، جس کے بعد قیاس آرائیوں کا سلسلہ تیز ہو گیا۔ صدر کی سوشل میڈیا پر غیر حاضری اور حالیہ دنوں میں کسی عوامی تقریب یا پریس کانفرنس میں عدم شرکت نے بھی افواہوں کو تقویت دی۔
مزید برآں، وائٹ ہاؤس کی ایک لائیو اسٹریم کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث “ہم جلدی واپس آئیں گے” کا پیغام نشر ہوا، جس نے قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دی۔ اسی دوران نائب صدر جے ڈی وینس کے ایک بیان، جس میں انہوں نے “صدر کی عدم موجودگی کی صورت میں ذمہ داری سنبھالنے” کی بات کی، نے افواہوں کو مزید تقویت بخشی۔
تاہم اب واضح ہو چکا ہے کہ صدر ٹرمپ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔ ان کی گولف کھیلتے ہوئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جنہوں نے تمام افواہوں کو ختم کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب صدر ٹرمپ سے متعلق ایسی جھوٹی خبریں پھیلائی گئی ہوں۔ اس سے قبل 2022 میں بھی ان کی موت کی افواہیں سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر چکی ہیں، جو بعد میں غلط ثابت ہوئیں۔