صدر ٹرمپ کا 21 نکاتی منصوبہ، غزہ میں جنگ بندی کی امید

0
44

نیو یارک: مشرق وسطیٰ کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وِٹکوف نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں غزہ کے معاملے پر کوئی اہم پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی راہ ہموار ہوتی نظر آ رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہونے والی اہم سفارتی ملاقاتوں کے بعد کہی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر، اردن، ترکی، انڈونیشیا اور پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں غزہ کی صورتحال اور امن اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔

اسٹیو وِٹکوف کے مطابق، ان ملاقاتوں میں صدر ٹرمپ نے غزہ کے لیے 21 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے، جسے بعض ممالک نے مثبت انداز میں سراہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل بات چیت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے، جبکہ حماس نے بھی حل کی طرف پیش رفت کا عندیہ دیا ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ ایران سے بھی رابطے جاری ہیں، تاہم ان کا مؤقف نسبتاً سخت ہے۔ اس کے باوجود امریکا مذاکرات کا خواہاں ہے اور سفارتی راستے کھلے رکھنا چاہتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ان سفارتی کوششوں کے تسلسل میں صدر ٹرمپ جلد واشنگٹن میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی ملاقات کریں گے۔

Leave a reply