صدر زرداری کا چین میں ہائی اسپیڈ ٹرین کا سفر

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے دورہ چین کے دوران ایک جدید ہائی اسپیڈ ٹرین میں سفر کیا، جو زلزلے سے پیشگی خبردار کرنے والے نظام سے لیس ہے۔ صدر زرداری نے چینگدو سے میان یانگ تک کا فاصلہ محض 30 منٹ میں طے کیا۔
دورانِ سفر چینی حکام کی جانب سے صدر مملکت کو ٹرین کے آپریشن، سروس، اور سکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ چین کے پاس دنیا کا سب سے بڑا ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک موجود ہے، جس کی مجموعی لمبائی 45 ہزار کلومیٹر سے زائد ہے۔ یہ ریل نظام ہر سال 2 ارب سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرتا ہے، اور ٹرینوں کی رفتار 350 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچتی ہے۔
صدر زرداری نے چینی انجینئرنگ کے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست الیکٹرک ٹرین اور زلزلہ وارننگ سسٹم تکنیکی مہارت کی اعلیٰ مثال ہیں۔ انہوں نے چین کی ترقی اور اختراعات کو پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔









