
اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں کے لیے مختلف عسکری اعزازات کی منظوری دے دی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان اعزازات کا مقصد شجاعت، خدمات اور نمایاں کارکردگی کا اعتراف کرنا ہے۔
منظور کیے گئے اعزازات میں مجموعی طور پر متعدد ایوارڈز شامل ہیں جن میں ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری)، تمغہ امتیاز (ملٹری)، ستارہ بسالت، تمغہ بسالت، امتیازی اسناد اور آرمی چیف کی جانب سے تعریفی کارڈز شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ان میں 11 ستارہ بسالت، 475 تمغہ بسالت، 130 امتیازی اسناد، 378 چیف آف آرمی اسٹاف تعریفی کارڈز، 23 ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 100 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 136 تمغہ امتیاز (ملٹری) شامل ہیں۔
یہ اعزازات مختلف شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے افسران اور جوانوں کو دیے جائیں گے۔









