شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید سعودی عرب کے نئے مفتی اعظم مقرر

ریاض: سعودی عرب کی شاہی عدالت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق معروف عالم دین، خطیب اور خانہ کعبہ کے سینئر امام شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید کو مملکت کا نیا مفتی اعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تقرری سابق مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کے انتقال کے بعد عمل میں آئی ہے۔
شیخ صالح بن حمید 1949 میں سعودی عرب کے شہر البُکریہ میں پیدا ہوئے۔ وہ 1984 سے خانہ کعبہ کے امام کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور دینی حلقوں میں علمی گہرائی، فقہی بصیرت اور اتحادِ امت کے حوالے سے خاص مقام رکھتے ہیں۔
وہ میدان عرفات میں مسجد نمرہ میں خطبہ حج دینے کی سعادت بھی حاصل کر چکے ہیں، جسے عالمی سطح پر اسلامی رہنمائی کا ایک بڑا موقع سمجھا جاتا ہے۔
شیخ صالح بن حمید کی تقرری کو علمی، دینی اور فقہی حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی قیادت سعودی عرب کے مذہبی اداروں کو نئی فکری سمت دے گی اور امت مسلمہ کے مسائل کے حل میں رہنمائی فراہم کرے گی۔