شیخ رشید کی بریت کی درخواست مسترد؛ تحریری فیصلہ جاری

ہاٹ لائن نیوز : لاہور ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کیمطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں بریت کی درخواست خارج کردی، درخواست گزار نے ابتدائی مرحلے پر بریت کی درخواست دائر کی، کیس میں گواہان پیش ہونا باقی ہیں اور ٹرائل ہونا باقی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ گواہوں اور شواہد کو دیکھنے کے بعد عدالت بریت کا فیصلہ کرتی ہے، عدالت اس مرحلے پر بریت کی درخواست مسترد کرتی ہے، ٹرائل کے مرحلے پر درخواست گزار بریت کی درخواست دائر کرنے میں آزاد ہوں گے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ درخواست گزار کے مطابق سیاسی بنیادوں پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، درخواست گزار کے مطابق سزا کا کوئی امکان نہیں، پولیس کے مطابق درخواست گزار کو شریک ملزم کے بیانات کی روشنی میں نامزد کیا گیا۔ –









