شہباز شریف کی بل گیٹس سے اہم ترین ملاقات

ہاٹ لائن نیوز : بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دسمبر 2024 ء میں سیٹل میں گیٹس فاؤنڈیشن کے دورے کی دعوت پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکوں، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی شمولیت کے لیے پاکستان کے ساتھ گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو بھی سراہا۔
پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے بل گیٹس نے اس بات پر زور دیا کہ آنے والی نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کیلیے پولیو کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔
انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسین پروگرام میں وزیراعظم کی ذاتی نگرانی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم نے غزہ میں گیٹس فاؤنڈیشن کی پولیو مہم کو سراہا۔ انہوں نے فوری جنگ بندی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعات کے حل پر زور دیا۔









