شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس میں جرح جلد مکمل کرنے کی درخواست کر دی

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف دائر 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں جرح جلد مکمل کرنے کی استدعا کی ہے۔ کیس کی سماعت سیشن کورٹ لاہور میں ہوئی، جس میں شہباز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے استفسار کیا کہ کیا قانونی نوٹس بھجوایا گیا تھا؟ شہباز شریف کے وکیل نے جواب دیا کہ جی، نوٹس کوریئر سروس کے ذریعے ارسال کیا گیا اور متعلقہ رسیدیں ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ وہ قطر کے خصوصی دورے کے بعد اس کیس کے لیے رات کو وطن واپس آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلابی صورتحال ہے، سندھ میں پانی داخل ہو چکا ہے، اور وفاق و صوبے مل کر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ ایک گھنٹے سے عدالت کے سامنے موجود ہیں، اس لیے جرح مکمل کی جائے۔
عمران خان کے وکیل کا مؤقف تھا کہ لیگل نوٹس کی رسیدوں پر نہ تو شہباز شریف کا نام ہے اور نہ ہی یہ واضح ہے کہ نوٹس کس شخص نے وصول کیا۔ اس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ رسیدوں پر ان کے وکیل کا نام ہے اور یہ دستاویزات عدالت کے سامنے موجود ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کر دی۔