
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپ دی ہے۔ وہ آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی تین میچوں پر مشتمل سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
یہ سیریز 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کے دوران شاہین شاہ آفریدی پہلی بار ون ڈے فارمیٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا اعلان اسلام آباد میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو 27 اکتوبر 2024 کو قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی۔









