
شادی کے اگلے ہی دن دولہا کی پراسرار موت
بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں میں شادی کے اگلے ہی روز دولہے کی پراسرار موت سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، انڈین میڈیا کے مطابق بائیس سالہ انکت کی شادی تیس اپریل کو حسن پور کی رہائشی سودھا سے ہوئی جبکہ 1 مئی کو دلہن رخصتی کے بعد سسرال پہنچی، شام چھ بجے دولہا گھر سے باہر نکلا اور اچانک لاپتا ہو گیا، اہل محلہ رات بھر انکت کو تلاش کرتے رہے مگر اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔
2 مئی کو خبر ملی کہ انکت کی لاش دیہات سے باہر سے برآمد ہوئی ہے، یہ خبر ملتے ہی گھر میں کہرام برپا ہو گیا اور نئی نویلی دلہن صدمے میں چلی گئی، دولہے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے، جس کی رپورٹ ابھی آنا ہے، پولیس حکام کے مطابق جس حالت میں لاش ملی ہے یہ خودکشی کا واقعہ لگتا ہے۔









