
ایرانی فٹبال فیڈریشن نے فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں اپنی قومی ٹیم کے میچز امریکا کے بجائے میکسیکو میں منعقد کرنے کے لیے فیفا سے بات چیت شروع کر دی ہے۔ یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔
ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے میکسیکو میں جاری بیان میں کہا کہ امریکی صدر نے واضح کر دیا ہے کہ ایرانی ٹیم کی سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی، اس لیے ٹیم امریکا کا سفر نہیں کرے گی۔ تاج نے مزید کہا کہ ایران فیفا کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ متبادل مقام کے طور پر میکسیکو میں میچز کا انتظام کیا جا سکے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایرانی وزیر کھیل نے کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حالیہ فضائی حملوں کے بعد عالمی ایونٹ میں شرکت مشکل ہو سکتی ہے۔ ان حملوں میں ایران کی سیاسی اور عسکری قیادت کے کئی افراد ہلاک ہوئے۔
امریکی صدر نے بھی بیان دیا کہ ایرانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں حصہ لینے کی اجازت ہے، لیکن سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر امریکا میں کھیلنا مناسب نہیں ہو سکتا۔









