سیاسی جماعت پر پابندی کا آئینی طریقہ کار کیا ہے؟”

0
110
سیاسی جماعت پر پابندی کا آئینی طریقہ کار کیا ہے؟"

اسلام آباد: پاکستان کے آئین کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت پر اس وقت پابندی لگائی جا سکتی ہے جب وہ ملک کی سلامتی، خودمختاری یا وحدانیت کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پائی جائے۔ آئین کے آرٹیکل 17 کی شق 2 کے تحت حکومت کسی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کر سکتی ہے، تاہم اس پابندی کی توثیق سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہے۔

آئینی طریقہ کار کے مطابق، حکومت پابندی کے فیصلے کے 15 دن کے اندر ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجنے کی پابند ہوتی ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہی پابندی کا اطلاق مکمل طور پر نافذ العمل ہوتا ہے۔

دوسری جانب، الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 212 میں سیاسی جماعت کی تحلیل سے متعلق تفصیلات دی گئی ہیں۔ اس کے مطابق اگر وفاقی حکومت کو یہ اطمینان ہو کہ کوئی جماعت ریاست کی خودمختاری یا سالمیت کے خلاف کام کر رہی ہے یا دہشت گردی میں ملوث ہے، تو وہ سپریم کورٹ کو اس جماعت پر پابندی کے لیے ریفرنس بھجوا سکتی ہے۔

الیکشن ایکٹ کی سیکشن 213 کے تحت، اگر سپریم کورٹ جماعت کی تحلیل برقرار رکھے تو اس جماعت کے پارلیمنٹ، صوبائی اسمبلی یا مقامی حکومت کے ارکان اپنی باقی مدت کے لیے نااہل ہو جائیں گے۔

Leave a reply