
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں سہیل آفریدی کو صوبے کا نیا وزیر اعلیٰ منتخب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کی، جبکہ سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اجلاس سے خطاب کیا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا، اور وہ ہمیشہ قائد کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کی حرمت برقرار رہنی چاہیے اور جو مداخلتیں ماضی میں ہوتی رہیں، انہیں مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
خطاب میں علی امین گنڈا پور نے 19 ماہ کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت ملی تو صوبے کے خزانے میں صرف 18 دن کی تنخواہوں کے لیے پیسے تھے، لیکن آج صوبائی خزانہ 218 ارب روپے پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر فنڈز نہ دینے کا گلہ ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ عوامی مفاد کو ترجیح دی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اور ان کے ساتھی تحریک انصاف کے بانی کے ساتھ کھڑے ہیں، جو اپنی ذات سے بالاتر ہو کر قوم کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔








