سکھر میں عالمی میراتھون، غیر ملکی رنرز سمیت ہزاروں ایتھلیٹس کی شرکت

0
135
سکھر میں عالمی میراتھون، غیر ملکی رنرز سمیت ہزاروں ایتھلیٹس کی شرکت

سکھر میں عالمی سطح کی میراتھون ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت ہزاروں ایتھلیٹس نے شرکت کی۔ اس بین الاقوامی میراتھون میں مجموعی طور پر تقریباً تین ہزار رنرز شریک ہوئے۔

میرا تھون کا آغاز آئی بی اے پبلک اسکول سکھر سے ہوا۔ 42.195 کلو میٹر پر مشتمل اس دوڑ میں اٹلی، کینیڈا، برطانیہ سمیت 10 ممالک کے 28 غیر ملکی ایتھلیٹس جبکہ پاکستان کے مختلف شہروں سے آنے والے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ریس کا روٹ سکھر بیراج، قومی شاہراہ ٹھیری، ببرلو سے ہوتا ہوا شاہ حسین تک گیا اور وہیں سے واپسی ہوئی۔

دوڑ کے آغاز کے موقع پر اسٹارٹنگ پوائنٹ پر پاکستان کا 100 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑا قومی پرچم لہرایا گیا، جس نے شرکا اور تماشائیوں کے جوش و خروش میں اضافہ کیا۔

میرا تھون سے قبل سکھر پہنچنے والے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی روایتی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی، جبکہ کھلاڑیوں نے ثقافتی موسیقی پر رقص بھی کیا۔

انتظامیہ کے مطابق میرا تھون میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹ کو 15 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، جبکہ ٹاپ 20 کھلاڑیوں کیلئے بھی نقد انعامات رکھے گئے ہیں۔

ایونٹ کے دوران خواتین کی 10 کلو میٹر دوڑ بھی منعقد ہوئی، جس میں کینیا کی ایتھلیٹ موتوکو نے 40 منٹ 25 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دوسری پوزیشن جاپان کی یوکو نے 40 منٹ 49 سیکنڈ میں حاصل کی، جبکہ تیسری پوزیشن سکھر سے تعلق رکھنے والی ماہ نور نے 43 منٹ میں فاصلہ مکمل کرکے حاصل کی۔

اس کے علاوہ صحافیوں، 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور عام شہریوں کے لیے الگ الگ واکس کا بھی اہتمام کیا گیا۔

Leave a reply