سڈنی میراتھون میں پاکستانی رنرز کا شاندار مظاہرہ

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والی سالانہ میراتھون ریس میں پاکستانی اور اوورسیز پاکستانی رنرز نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔
ایونٹ میں پاکستانی نژاد آسٹریلوی رنر علی زیدی نے 3 گھنٹے 5 منٹ اور 33 سیکنڈز میں میراتھون مکمل کر کے پاکستانی شرکت کنندگان میں سب سے تیز رنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے بلال احسن نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 گھنٹے 15 منٹ 3 سیکنڈز میں ریس مکمل کی۔
پاکستانی ایتھلیٹ فہد مختار نے اس میراتھون کے ذریعے اپنی ساتویں ورلڈ میجر میراتھون مکمل کی، جسے انہوں نے 3 گھنٹے 29 منٹ میں مکمل کیا۔ جبکہ میڈیا سے وابستہ محمد جنید نے مشکل اور چیلنجنگ کورس کو 4 گھنٹے 4 منٹ میں عبور کیا۔
کراچی کے فیصل شفیع نے سڈنی میراتھون میں منفرد انداز اپناتے ہوئے پاکستانی فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ وہ لائٹ ملٹری یونیفارم پہن کر میراتھون میں شریک ہوئے اور 3 گھنٹے 40 منٹ 13 سیکنڈز میں ریس مکمل کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا، جسے گینیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے باضابطہ تسلیم بھی کر لیا گیا۔
ایونٹ میں 10 پاکستانی خواتین نے بھی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد رنر ہما رحمن نے 3 گھنٹے 38 منٹ میں ریس مکمل کی، جو پاکستانی خواتین میں بہترین ٹائمنگ رہی۔
مجموعی طور پر 36 پاکستانی اور اوورسیز پاکستانیوں نے سڈنی میراتھون میں شرکت کی، جن میں سے 16 رنرز نے 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کیا، جو ایک قابلِ فخر کارنامہ ہے۔
میگا ایونٹ میں مجموعی فتح کا سہرا ایتھوپیا کے ہیلیمریم کیروس کے سر سجا، جبکہ خواتین کی کیٹیگری میں کامیابی سیفان حسن نے حاصل کی۔