
کراچی: سندھ حکومت نے غریب اور مستحق فنکاروں، ادیبوں، شاعروں اور اداکاروں کی مالی معاونت کے لیے قائم مینجمنٹ بورڈ کی تشکیلِ نو کر دی ہے۔
محکمہ ثقافت کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد چیف سیکریٹری سندھ نے نئے اراکین کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جبکہ 2018 میں جاری پرانا نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا ہے۔
نئے بورڈ کی سربراہی وزیر ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ کریں گے، جبکہ سیکریٹری ثقافت بورڈ کے وائس چیئرمین اور ڈائریکٹر جنرل کلچر سیکریٹری و رکن ہوں گے۔
نئے بورڈ میں مختلف فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کو شامل کیا گیا ہے جن میں آرٹس کونسل کراچی اور سکھر کے صدور، سندھی ادبی بورڈ کے سیکریٹری جنرل، گلوکارہ صنم ماروی، رجب فقیر، اداکار جاوید شیخ، ایوب کھوسو، احسن خان، منیب بٹ، ادیبہ نورالہدیٰ شاہ، مہتاب اکبر راشدی، یوسف بشیر قریشی اور عرفان سموں شامل ہیں۔
بورڈ کا مقصد مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کی مدد کرنا ہے، اور امداد کی فراہمی بورڈ کے ممبران کے باہمی فیصلوں کی روشنی میں کی جائے گی۔