سنجے منجریکر نے پاکستانی اسپنرز کو بھارتی بیٹنگ کے لیے چیلنج قرار دے دیا

0
221
سنجے منجریکر نے پاکستانی اسپنرز کو بھارتی بیٹنگ کے لیے چیلنج قرار دے دیا

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے بڑے مقابلے میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز ٹاکرے کی امید ہے۔

میچ سے قبل بھارت کے سابق کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے پاکستان کے اسپن بولنگ اٹیک کو بھارتی بیٹنگ لائن کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے روایتی فاسٹ بولنگ پر انحصار کرنے کے بجائے اسپن پر توجہ مرکوز کی ہے، جو کہ ایک مؤثر حکمتِ عملی ثابت ہو سکتی ہے۔

منجریکر نے پاکستان کی حالیہ فتوحات، جن میں سہ ملکی سیریز میں افغانستان کے خلاف اور ایشیا کپ کے ابتدائی میچ میں عمان کے خلاف کامیابیاں شامل ہیں، کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بولنگ کمبی نیشن بھارتی بیٹرز کے لیے چیلنج پیدا کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا، “مجھے پاکستان کا موجودہ بولنگ کمبی نیشن پسند آیا، کیونکہ یہ بھارتی بیٹرز کو روایتی انداز سے ہٹ کر کچھ نیا سوچنے پر مجبور کرے گا۔”

تاہم انہوں نے پاکستانی بیٹنگ لائن میں مزید بہتری کی گنجائش کا بھی ذکر کیا، اور کہا کہ مضبوط حریفوں کے خلاف کامیابی کے لیے بیٹنگ کو مستحکم بنانا ضروری ہے۔

Leave a reply