سموسے نہ لانے پر بیوی اور سسرال والوں نے شوہر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں صرف سموسے نہ لانے پر بیوی اور اس کے گھر والوں نے شوہر کی پٹائی کر دی۔
مقامی ذرائع کے مطابق، ایک خاتون نے اپنے شوہر سے سموسے کھانے کی خواہش کا اظہار کیا، لیکن شوہر کی جانب سے سموسے نہ لانے پر خاتون ناراض ہو گئی۔ اگلے ہی دن بیوی نے اپنے والدین اور ماموں کو شکایت کی، جس کے بعد معاملہ گاؤں کی پنچایت میں لے جایا گیا۔
پنچایت کے دوران خاتون کے اہلِ خانہ نے شوہر کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر شوہر کی والدہ نے بہو اور اس کے رشتہ داروں کے خلاف پولیس کو شکایت درج کروائی۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور زخمی شوہر کو اسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی گئی ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔









