سمندر کی تہہ میں گیس کے ذخائر، ترقی کی نئی راہیں کھلنے لگیں

پاکستان نیوی کے ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل فواد امین بیگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سمندری علاقے قدرتی وسائل سے بھرپور ہیں، جن میں معدنیات اور گیس کے بڑے ذخائر شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اظہار ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران کیا۔
ریئر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ نے بتایا کہ پاکستان نیوی نے چین کے تعاون سے سمندر کی تہہ کا سروے کروایا، جس کے نتائج سے پتا چلا کہ گہرے سمندری علاقے گیس جیسے قیمتی وسائل سے مالا مال ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ان ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لیے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ان کی مالی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ملک کی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی ملک ترقی کی جانب بڑھتا ہے، دشمن قوتیں ففتھ جنریشن وار کے ذریعے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ تاہم اب حکومت، فوج اور سیاسی قیادت کے اشتراک سے ایک نئی دفاعی حکمت عملی وضع کی گئی ہے، جس سے معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔