
معروف بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے حال ہی میں ایک ٹاک شو میں شرکت کے دوران انکشاف کیا کہ وہ کئی سالوں تک ایک ایسی بیماری میں مبتلا رہے جو شدید جسمانی تکلیف کا باعث بنی۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ 2007 میں فلم پارٹنر کی شوٹنگ کے دوران انہیں پہلی بار چہرے پر اچانک درد محسوس ہوا۔ انہوں نے بتایا، “اداکارہ لارا دتہ نے جب میرے چہرے سے بال ہٹائے تو ایسا لگا جیسے بجلی کا جھٹکا لگا ہو۔”
اداکار کے مطابق یہ درد رفتہ رفتہ ان کی زندگی کا حصہ بن گیا۔ روزمرہ کے کام جیسے کھانا، بولنا اور دانت صاف کرنا بھی ایک چیلنج بن گئے۔ “ناشتے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگتا تھا، اور ہر چار پانچ منٹ بعد درد کی لہر آتی تھی”، سلمان نے بتایا۔
ابتدائی طور پر ڈاکٹروں کو شبہ تھا کہ مسئلہ دانتوں یا منہ سے متعلق ہے، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ وہ ایک نایاب بیماری ٹرائی جیمینل نیورالژیا (Trigeminal Neuralgia) میں مبتلا ہیں۔ اس مرض میں چہرے کی ایک بڑی نس متاثر ہوتی ہے اور معمولی سا لمس بھی ناقابل برداشت درد کا باعث بنتا ہے۔
سلمان خان نے یہ بھی بتایا کہ انہیں دماغ میں اینیورزم اور اے وی مالفارمیشن جیسے پیچیدہ مسائل بھی درپیش ہیں، مگر اس کے باوجود وہ کام سے پیچھے نہیں ہٹے۔ “پسلیاں ٹوٹ جائیں یا دماغ میں مسئلہ ہو، میں کام کرتا رہتا ہوں”، انہوں نے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے روزانہ 750 ملی گرام تک درد کش دوا لینے کا ذکر بھی کیا، اور بتایا کہ بعض اوقات ایک یا دو مشروبات سے وقتی آرام ملتا تھا۔
سلمان خان کی اس جدوجہد نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے، جو انہیں ہمیشہ ایک طاقتور اور متحرک شخصیت کے طور پر دیکھتے آئے ہیں۔